سوال
بابل/راز-بڑا شہربابل کیا ہے ؟
جواب
مکاشفہ 17باب 1-2آیات ہمیں بتاتی ہیں کہ " اُن ساتوں فرِشتوں میں سے جن کے پاس سات پیالے تھے ایک نے آ کر مجھ سے یہ کہا کہ اِدھر آ۔ مَیں تجھے اُس بڑی کسبی کی سزا دِکھاؤں جو بہت سے پانیوں پر بیٹھی ہُوئی ہے۔ اور جس کے ساتھ زمین کے بادشاہوں نے حرام کاری کی تھی اور زمین کے رہنے والے اُس کی حرام کاری کی مَے سے متوالے ہو گئے تھے" مکاشفہ 17باب 5آیت مزید بیان کرتی ہے " اور اُس کے ماتھے پر یہ نام لِکھا ہُوا تھا۔ راز۔ بڑا شہر بابل۔ کسبیوں اور زمین کی مکرُوہات کی ماں" ۔ یہ "بابل کی کسبی" کون ہے اور "راز۔بڑا شہر بابل" کیا ہے؟
مکاشفہ 17باب 3آیت یہ وضاحت پیش کرتی ہے: "پس وہ مجھے رُوح میں جنگل کو لے گیا۔ وہاں مَیں نے قرمزی رنگ کے حیوان پر جو کُفر کے ناموں سے لِپا ہُوا تھا اور جس کے سات سر اور دس سینگ تھے ایک عورت کو بیٹھے ہُوئے دیکھا۔"اس آیت میں جس حیوان کا ذکر کیا گیا ہے یہ وہی حیوان ہے جو مکاشفہ 13باب 1آیت میں ہے"اور مَیں نے ایک حیوان کو سمندر میں سے نکلتے ہُوئے دیکھا۔ اُس کے دَس سینگ اور سات سر تھے اور اُس کے سینگوں پر دَس تاج اور اُس کے سروں پر کفر کے نام لکھے ہُوئے تھے ۔" مکاشفہ 13 باب میں مذکور حیوان کو مخالفِ مسیح ، گناہ کے شخص (2تھسلنیکیوں 2باب 3-4 آیات؛ دانی ایل 9باب 27آیت) کا حوالہ خیال کیا جاتا ہے ۔ لہٰذا بابل کی کسبی چاہے جو بھی ہے وہ اخیر ایام کے مخالفِ مسیح کے ساتھ گہرے طور پر منسلک ہے۔
بابل کی کسبی کا ایک" راز" کے طور پر ذکر کیا گیا ہے ، اِس حقیقت کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کی شناخت کے بارے میں پوری طرح پُر یقین نہیں ہو سکتے ۔ تاہم یہ حوالہ جات ہمیں کچھ سُراغ مہیا کرتے ہیں۔ مکاشفہ 17باب 9آیت بیان کرتی ہے کہ "یہی مَوقع ہے اُس ذِہن کا جس میں حکمت ہے۔ وہ ساتوں سر سات پہاڑ ہیں۔ جن پر وہ عورت بیٹھی ہُوئی ہے۔"بہت سے مبصرین اس حوالے کو رومن کیتھولک چرچ سے جوڑتے ہیں کیونکہ قدیم زمانے میں روم شہر کو "سات پہاڑوں کے شہر" کے نام سے جانا جاتا تھا کیونکہ شہر کے گردا گرد سات نمایاں پہاڑ ہیں۔ تاہم 10 آیت اس بات کی مزید وضاحت کرتی ہے کہ سات پہاڑ 7 بادشاہوں یا مملکتوں کی نمائندگی کرتے ہیں جن میں سے پانچ ہو گزرے ، ایک موجود ہے اور ایک آنے والا ہے ۔ لہذا"بابل کی کسبی" خصوصاً روم کا حوالہ نہیں ہو سکتا۔ مکاشفہ 17باب 15آیت ہمیں بتاتی ہے کہ "پھر اُس نے مجھ سے کہا کہ جو پانی تُو نے دیکھے جِن پر کسبی بیٹھی ہے وہ اُمّتیں اور گُروہ اور قومیں اور اہلِ زُبان ہیں۔" بابل کی کسبی کا دنیا بھر کے لوگوں اور قوموں پر بڑا اثر و رسوخ ہو گا۔ 10-14 آیات پہلے آٹھ اور پھر دس بادشاہوں کے ایک سلسلے کو بیان کرتی ہیں جو حیوان سے وابستہ ہیں۔ بابل کی کسبی ایک وقت پر اُن بادشاہوں پر اختیار رکھتی ہو گی (مکاشفہ 17باب 18آیت) مگر ایک ایسا وقت آئے گا جب بادشاہ اُس پر حملہ کرکے اُسے تباہ کر دیں گے (مکاشفہ 17باب 16آیت)۔
پس کیا بابل کی کسبی کے راز کو کھولا جا سکتا ہے؟ ہاں، کم از کم جزوی طور پر کھولا جا سکتا ہے ۔ بابل کی کسبی یسوع کی دوسری آمد سے پہلے کےاخیرایام میں مخالف ِ مسیح کی طرف سے چلایا جانے والا ایک عالمگیر شیطانی نظام ہے۔ بابل کی کسبی کے مذہبی مفہوم بھی ہیں - حیوان کے ساتھ رُوحانی حرام کاری اخیر ایام کے بے دین مذہبی نظام کا مرکز ی نقطہ ہوگا۔
English
بابل/راز-بڑا شہربابل کیا ہے ؟