settings icon
share icon
سوال

لوگ مرتے کیوں ہیں؟

جواب


لوگ "بنیادی گناہ" کہلانے والے عمل یعنی باغ عدن میں آدم اور حوّا کی نافرمانی کی وجہ سے مرتے ہیں ۔ خُدا نے پہلے جوڑے کو خبردار کیا تھا کہ اُس کے حکم کی خلاف ورزی کرنے سے اُن کی موت ہو جائے گی (پیدایش 2باب 17آیت)اور ایسا ہی ہوا۔ "گناہ کی مزوری موت ہے "(رومیوں 6 باب 23آیت)۔

آدم اور حوّا کا ارادہ ہمیشہ خدا کے ساتھ رہنے کا تھا اور اس لیے غالباً وہ نہیں جانتے تھے کہ مرنے کا کیا مطلب ہے۔ بدقسمتی سے گناہ ماضی میں کسی وقت آسمانی حلقے میں فرشتوں پر حملہ کر چکا تھا اور شیطان نے حوّا کو آزمایا اور وہ گناہ کا شکا ر گئی۔ حوّا نے ممنوعہ پھل میں سے اپنے شوہر کو بھی دیا اور اُس کی پیروی میں اُس نے بھی گناہ کیا۔ یہی گناہ موت کو دنیا میں لایا یوں بنی نوع انسان نے خود کو زندگی کے منبع سے الگ کر لیا ۔

تب سے ہر انسان نے جو مرد کے وسیلے عورت سے پیدا ہوا ہے گناہ آلودہ فطرت کی حامل اولاد کو پیداکیا ہے ۔ یہ گناہ آلودہ فطرت اپنے ساتھ موت کو لاتی ہے۔ "پس جس طرح ایک آدمی کے سبب سے گناہ دُنیا میں آیا اور گناہ کے سبب سے مَوت آئی اور یُوں مَوت سب آدمیوں میں پھیل گئی اِس لئے کہ سب نے گُناہ کِیا"(رومیوں 5باب 12آیت)۔

پیدایش 3باب اس لعنت کو بیان کرتا ہے جو خدا نے دنیا پر کی تھی۔ لعنت میں آدم کے لیے یہ الفاظ شامل تھے: " تُو اپنے مُنہ کے پسینے کی روٹی کھائے گا جب تک کہ زمین میں تُو پھر لَوٹ نہ جائے اِس لئے کہ تُو اُس سے نِکالا گیا ہے کیونکہ تُو خاک ہے اور خاک میں پھر لَوٹ جائے گا" (پیدایش 3باب 19 آیت)۔ یہاں خدا نے جسمانی موت کے بارے میں بات کی ہے۔ آدم اور حوّا کی جسمانی موت فوراً واقع نہ ہوئی لیکن اُن کے گناہ کی وجہ سے بے قصور جانور بھی موت کے ماتحت ہو گئے (پیدایش 3باب 21آیت)۔

موت کی دوسری قسم جو آدم اور حوّا کا گناہ لائی وہ رُوحانی موت تھی - اُن کی رُوحیں خُدا کے رُوح سے جُدا ہو گئیں ؛ اُن کی رفاقت ٹوٹ گئی تھی۔ یہ رُوحانی موت اُن کے ممنوعہ پھل کو کھانے اور گناہ کی بدولت خوفزدہ اور شرمندہ ہونے کے فوراً بعد واقع ہوئی تھی (پیدایش 3باب 10 آیت)۔ جسمانی موت کی طرح رُوحانی موت بھی اُن کی اولاد میں منتقل ہوگئی (افسیوں2باب 1آیت )۔

آدم کے بعد سے نسل انسانی نے "گناہ اور موت کی شریعت"کے ما تحت مزدوری کی ہے (رومیوں 8باب 2آیت)۔ اپنی شفقت کے اظہار میں خُدا نے اپنے بیٹے کو گناہ اور موت کی شریعت کو ختم کرنے اور "زندگی کے رُوح کی شریعت "کوقائم کرنے کے لیے بھیجا (رومیوں 8باب 2آیت)۔ پہلا کرنتھیوں 15باب 20-26آیات بیان کرتی ہیں کہ "لیکن فی الواقع مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور جو سو گئے ہیں اُن میں پہلا پھل ہُوا۔ کیونکہ جب آدمی کے سبب سے مَوت آئی تو آدمی ہی کے سبب سے مُردوں کی قیامت بھی آئی۔ اورجیسے آدمؔ میں سب مَرتے ہیں وَیسے ہی مسیح میں سب زِندہ کئے جائیں گے۔۔۔۔۔ سب سے پچھلا دُشمن جو نیست کِیا جائے گا وہ مَوت ہے ۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

لوگ مرتے کیوں ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries