settings icon
share icon
سوال

مجھے شادی کیوں کرنی چاہیے ؟

جواب


آج دُنیا کی بہت سی ثقافتیں اِس بات کی سمجھ کو کھو رہی ہیں کہ شادی کا بندھن کس مقصد کے لیے یا کیسا تعلق بنانے کے لیے تخلیق کیا گیا تھا۔ ہم ایک ایسی دُنیا کے اندر رہتے ہیں جو کہتی ہے کہ ہمیں وہ ملنا چاہیے جو ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں اور جس طرح سے ہم اُسے حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اِس لیے شادی کو بعض اوقات قید کے طور پر دیکھاجاتا ہے جو اُس سب میں رکاوٹ تصور ہوتی ہےجو ہم چاہتے ہیں اور جب ہم چاہتے ہیں۔ شادی کا کبھی کبھی ایک قدیم رسم کے طور پر مذاق بھی اُڑایا جاتا ہے جس نے ابھی موجودہ دُنیا کے ساتھ اپنی مناسبت کھو دی ہے۔

تو پھر شادی کیا ہے؟ کیا یہ ایک قدیم رسم بن گئی ہے؟ سب سے پہلے ہمارے لیے یہ احساس کرنا ضروری ہے کہ شادی انسان کا خود تخلیق کیا ہوا تصور نہیں ہے۔ جب خُدا نے پہلے انسان کو اپنی شبیہ پر تخلیق کیا(پیدایش 1باب27 آیت؛ 2باب 7 آیت)، تو اُس نے اُسے وہ سب کچھ دیا جس سے اُسے اطمینان حاصل ہو سکتا تھا۔ لیکن پھر بھی خُدا نے کہا کہ " آدم کا اکیلا رہنا اچھّا نہیں ۔ مَیں اُس کے لئے ایک مددگار اُس کی مانند بناؤں گا " (پیدایش 2 باب18 آیت) ۔پھر خُدا نے آدم کے پہلو سے پسلی لیکر اُس سے ایک عورت تخلیق کی اور اُسے آدم کے پاس لایا۔ پہلی شادی اُس وقت ہوئی جب خُدا نے آدمی کی ضروریات کی تکمیل کے لیے ایک عورت کو پیدا کیا تا کہ وہ دونوں جب شادی کے عہد میں شامل ہو ں تو ایک جسم ہو جائیں۔ "ایک جسم" ہونے کا مطلب ایک اٹوٹ مُہر ہےجو تمام زندگی قائم رہتی ہے۔ جب خُداوند یسوع سے طلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو اُس نے کہا کہ "اِس سبب سے مَرد باپ سے اور ماں سے جُدا ہو کر اپنی بیوی کے ساتھ رہے گااور وہ دونوں ایک جسم ہوں گے؟پس وہ دو نہیں بلکہ ایک جسم ہیں ۔ اِس لئے جسے خُدا نے جوڑا ہے اُسے آدمی جُدا نہ کرے" (متی 19باب5-6 آیات)۔ غور کیجئے، جب شادی کا یہ بندھن باندھا جاتا ہے تو اُس میں مرد اور عورت کے ساتھ خُدا بھی شامل ہوتا ہے۔ ملاکی 2باب14 آیت میں ہمیں یاد دلایا جاتا ہے کہ "خُداوند تیرے اور تیری جوانی کی بیوی کے درمیان گواہ ہے۔"خُدا شادی کے بندھن کو بہت ہی زیادہ سنجیدگی سے لیتا ہے۔

شادی خُدا کی طرف سے بنایا ہوا پہلا ادارہ ہے۔ یہ کلیسیا اور حکومت کے قیام سے پہلے بنایا گیا تھا۔ شادی پہلا سماجی ادارہ ہے۔ انسانوں کو اِس طرح سے تخلیق کیا گیا ہے کہ جب وہ دوسروں کے ساتھ جُڑے ہوئے ہوتے ہیں تو وہ بہترین کارکردگی ظاہر کر سکتے ہیں۔ اور شادی کے لیے خُدا کا منصوبہ ایک مضبوط خاندان کو قائم کرنا ہے۔ بائبل میں خاندان کے افراد کے لیے بہت سی ایسی ہدایات پائی جاتی ہیں جو لوگوں کی اِس بات میں مدد کرتی ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ کیسا سلوک کریں اور دوسروں کی جذباتی ضروریات کو کیسے پورا کریں (افسیوں 5باب21-33 آیات؛ 6باب1-4 آیات؛ کلسیوں 3باب18-21 آیات؛ 1 کرنتھیوں 7باب2-5، 10-16 آیات)۔ خُدا نے شادی کو ایک مرد اور ایک عورت کے لیے زندگی بھر ساتھ رہنے کے لیے بنایا ہے۔ اور اِس سارے منصوبے میں کسی بھی طرح کا کوئی انحراف اُس کے ارادے میں تحریف کے مترادف ہوگا (متی 19باب8 آیت؛ رومیوں 1باب26-27 آیات)۔

1 کرنتھیوں 7باب1-2 آیات شادی کرنے کے لیے ایک اچھی وجہ بیان کرتی ہیں " جو باتیں تم نے لکھی تھیں اُن کی بابت یہ ہے ۔ مَرد کے لئے اچّھا ہے کہ عَورت کو نہ چُھوئے۔لیکن حرام کاری کے اندیشہ سے ہر مَرد اپنی بیوی اور ہر عَورت اپنا شَوہر رکھّے۔ " خُدا نے جنسی تعلقات کو صرف شادی کی حدود کے اندر رہ کر لطف اندوز ہونے کے لیے تخلیق کیا ہے۔ اِن حدود کے باہر کوئی بھی جنسی سرگرمی گناہ ہے (گلتیوں 5باب 19 آیت؛ کلسیوں 3باب5 آیت)۔ اگر کسی شخص میں شدید قسم کی جنسی تحریک پائی جاتی ہے تو عام طور پر شہوت پرستی کی ہوس کو کم کرنے اورجنسی بے راہ روی سے بچنے کے لیے شادی کرنا ایک اچھا خیال ہے (یعقوب 1باب13-15 آیات)۔ اپنے شریکِ حیات کے علاوہ کسی اور کے ساتھ جنسی سرگرمی میں مشغول ہونا گناہ ہے اور یہ دِل کے درد اور خاندانی تباہی کا باعث بنتا ہے۔

تاہم کلام میں یہ حکم نہیں ہے کہ ہر ایک کی لازمی شادی ہونی چاہیے۔ درحقیقت پولس رسول نے خُدا کی خدمت کے لیے زیادہ وقت وقف کرنے کے لیے تنہا رہنے کی حمایت کی ہے (1 کرنتھیوں 7باب 7-9، 32-35 آیات)۔ ایسے لوگ ہیں جو شادی کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے اور اِس میں کوئی حرج نہیں ہے۔ تاہم ہمارے معاشرے نے ایسے تنہا پن کو بد اخلاقی اور بے راہ روی کے مترادف قرار دینا شرو ع کر دیا ہے اور یہ بہت غلط ہے۔ پولس کی طرف سے تنہا رہنے کی حمایت اِس لیے کی گئی ہے تاکہ کوئی بھی شخص اپنی پوری توجہ مسیح کی خدمت کی چیزوں پر مرکوز کر سکے۔ اِس قسم کی تنہائی کو جنسی گناہ میں رہنے کے بہانے کے طور پر کبھی بھی استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ لیکن اگر کوئی شخص اپنے جذبات پر قابو پا سکتا ہے اور اخلاقی طور پر خالص اور پاک زندگی گزار سکتا ہے تو اُسے لازمی طور پر شادی کرنے کے لیے دوسروں کا دباؤ محسوس کرنے کی ضرورت نہیں ہے (1 کرنتھیوں 7باب37 آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے شادی کیوں کرنی چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries