settings icon
share icon
سوال

مجھے خُدا پر کیوں ایمان رکھنا چاہیے ؟

جواب


خدا کی ذات کا یقین کرنا انسان کے تمام خیالات میں سب سے بنیادی بات ہے۔ اپنے خالق کا اقرار کرنا اُس کے بارے میں مزید کچھ سیکھنے کی بنیاد ہے۔ خدا پر ایمان لائے بغیر اُسے خوش کرنا یا اس کے پاس تک آنا ناممکن ہے (عبرانیوں 11باب 6آیت )۔ لوگ خدا کی موجودگی کے شواہد سے گھِرے ہوئے ہیں اور یہ صرف گناہ کی سختی کے باعث ہے کہ لوگ اُ ن شواہد کو رَد کرتے ہیں (رومیوں 1باب 18-23آیات)۔ خدا پر یقین نہ کرنا بیوقوفی ہے (14زبور 1آیت)۔

ہمارے پاس زندگی میں دو انتخابات ہیں۔ پہلا انتخاب یہ ہے کہ محدود انسانی عقل پر بھروسہ کرنے کا فیصلہ کریں ۔ انسانی عقل نے مختلف فلسفوں، بہت سے عالم گیرمذاہب اور "نظریات " مختلف بدعات اور دیگر تصورات اور نظریہِ حیات کو جنم دیا ہے۔ انسانی عقل کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ یہ ہمیشہ قائم رہنے والی نہیں ہےکیونکہ انسان ہمیشہ قائم رہنے والا نہیں ہے۔ یہ انسان کے محدود علم کے باعث محدود بھی ہے؛ ہم اتنے عقلمند نہیں ہیں جتنا ہم خود کوسمجھتے ہیں (1 کرنتھیوں 1 باب 20آیت)۔ انسانی عقل خود انسان سے شروع ہوتی ہے اور انسان پر ہی ختم ہوتی ہے۔ انسان وقت کے ایک مخصوص حصہ میں قید ہے جس سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔ انسان پیدا ہوتا ، پختگی میں ترقی کرتا، دنیا پر اپنا اثر چھوڑتااور با لآخر مر جاتا ہے۔ قدرتی لحاظ سے بات کی جائے تو اس کے لیے بس اتنا ہی ہے ۔ عقل کے مطابق زندگی بسر کرنے کا انتخاب کرنے والے بالآخر اپنے آپ کو ترازو میں تولتے اور پھر کم پاتے ہیں۔ اگر کوئی شخص ہمہ گیر طور پر اس طرز زندگی کے بارے میں سوچتا ہےتو اِس چیز کو اُس شخص کو دوسرے انتخاب پر غور کرنے کے لیے قائل کرنا چاہیے۔

ہمارے پاس دوسرا انتخاب یہ ہے کہ ہم بائبل میں خدا کے الہام کو قبول کریں۔ " اپنے فہم پر تکیہ نہ کر"(امثال 3باب 5آیت)۔ بلاشبہ اس بات کو قبول کرنے کے لیے کہ بائبل خدا کی طرف سے ہے کسی انسان کے لیے پہلے خدا کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔ بائبلی خدا پر یقین کرناعقل کے استعمال کی تردید نہیں کرتا؛ بلکہ جب ہم خدا کی تلاش کرتے ہیں تو وہ ہماری آنکھیں کھولتا (119زبور 18آیت)،ہماری عقل کو روشن کرتا ہے (افسیوں 1باب 18 آیت)اور ہمیں حکمت عطا کرتا ہے (امثال8باب)۔

خدا پر یقین کرنا خدا کی موجودگی کے اُن شواہد سے تقویت پاتا ہے جو با آسانی دستیاب ہیں ۔ تمام مخلوق ایک خالق کے وجود کی حقیقت کی خاموش گواہی دیتی ہے (19زبور 1-4آیات)۔ خدا کا مقدس کلام یعنی بائبل اپنی حقانیت اور تاریخی درستگی کو ثابت کرتی ہے۔ مثال کے طور پر مسیح کی پہلی آمد کے بارے میں پرانے عہد نامے کی پیشین گوئیوں پر غور کریں۔ میکاہ 5باب 2آیت بیان کرتی ہے کہ مسیح یہودیہ کے بیت لحم میں پیدا ہوگا۔ میکاہ نبی نے 700 قبل ازمسیح کے قریب یہ پیشین گوئی کی تھی۔ مسیح سات صدیوں کے بعد کہاں پیدا ہوا؟ وہ یہودیہ کے بیت لحم میں پیدا ہوا تھاجیسا کہ میکاہ نے پیشین گوئی کی تھی (لوقا 2باب 1-20آیات؛ متی 2باب 1-12آیات)۔

Science Speaks کے عنوان سے تصنیف میں پیٹر سٹونر نے (صفحہ نمبر100-107میں ) واضح کیا ہے کہ امکانات کی سائنس کی طرف سے احتمال کو نبوتی کلام ِ مقدس میں سے خارج کر دیا جاتا ہے۔ مسیح کے متعلق آٹھ پیشین گوئیوں کے حوالے سے امکانات کے قوانین کا استعمال کرتے ہوئے سٹونر نے پایا کہ اِن تمام آٹھ پیشن گوئیوں کے کسی ایک انسان کی زندگی میں پورا کرنے کا امکان 10 کی طاقت 17(1017) میں سے 1 ہوگا ہے۔ یہ 100,000,000,000,000,000 میں 1 موقع ہوگا۔ اور یہ صرف آٹھ پیشین گوئیوں پر پورا اُترنے کے لیے ہے؛ یسوع کی زندگی میں بہت سی اور بھی پیشین گوئیاں پوری ہوئیں تھیں۔ اِس میں کوئی شک نہیں کہ پیشین گوئی سے بائبل کی حقانیت اور سقاحت کی تصدیق ہوتی ہے۔

بائبل کے مطالعے سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ خدا ابدی، پاک، شخصیت کی حامل ذات، مہربان اور محبت کرنے والا ہے۔ خُدا نے اپنے بیٹے، خُداوند یسوع مسیح کے تجسم کے ذریعے وقت کی قید کو ختم کر دیا ہے۔ خُدا کا محبت بھرا عمل انسان کی عقل سے متصادم نہیں بلکہ انسانی عقل کے لیے روشن خیالی فراہم کرتا ہے تاکہ وہ یہ سمجھنا شروع کر سکے کہ اُسے خدا کے بیٹے کے وسیلے گناہوں کی معافی اور ابدی زندگی کی ضرورت ہے۔

یقیناً کوئی بھی شخص بائبل کے خدا کو رد کر سکتا ہے اور بہت سے لوگ ایسا کرتے بھی ہیں۔ لوگ اُس قربانی کی تردید کر سکتے ہیں جو یسوع مسیح نے اُن کے لیے دی ہے۔ مسیح کو رد کرنا خدا کو رد کرنا ہے (یوحنا 10باب 30آیت)۔ آپ کس بات کا انتخاب کریں گے ؟ کیا آپ انسان کی محدود اور ناقص عقل کے وسیلے زندگی بسر کرنا چاہیں گے؟ یا کیا آپ اپنے خالق کو تسلیم کریں گے اور بائبل میں خدا کے الہام کو قبول کریں گے؟ " تُو اپنی ہی نِگاہ میں دانِش مند نہ بن۔ خُداوند سے ڈر اور بدی سے کنارہ کر۔ یہ تیری ناف کی صحت اور تیری ہڈِّیوں کی تازگی ہو گی"(امثال 3باب 7-8آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مجھے خُدا پر کیوں ایمان رکھنا چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries