settings icon
share icon
سوال

پرانے عہد نامے کا مطالعہ کیوں کرنا چاہیے؟

جواب


پرانے عہد نامے کا مطالعہ کرنے کی بہت سی وجوہات ہیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ پرانا عہد نامہ اُن تمام واقعات اور تعلیمات کی بنیاد ہے جو نئے عہد نامے میں ہمیں ملتی ہیں۔ بائبل درجہ بدرجہ نازل ہونے والا الہام ہے۔ اگر آپ کسی بھی کتاب کے پہلے نصف حصے کو چھوڑ کر اِسے پڑھنے کی کوشش کریں گے تو آپ کو اہم کرداروں، تمام کہانی اوراِس کے واقعات اور اختتام کو سمجھنے میں بڑی مشکل کا سامناکرنا پڑے گا۔بالکل ایسے ہی نیا عہد نامہ بھی صرف اُس وقت مکمل طور سمجھ میں آتاہے جب ہم پرانے عہد نامے کے واقعات، کرداروں، قوانین، قربانیوں کے نظام، عہدوں اور وعدوں کی بنیاد پر غور کرتے ہیں۔

اگر ہمارے پاس صرف نیا عہد نامہ ہی ہوتاتو جب ہم نے اناجیل کا مطالعہ کرنا تھا تو ہمیں یہ معلوم نہیں ہونا تھا کہ یہودی ایک مسیحا(ایک نجات دہندہ بادشاہ) کا انتظار کیوں کر رہے تھے۔ اِس صورت میں نہ صرف یہ سمجھنا مشکل ہوتا کہ یہ مسیحا کیوں آ نے کو تھا (دیکھیں یسعیاہ53 باب ) بلکہ ہم نے یسوع ناصری کی مسیحاکے طور پر شناخت کرنے کے قابل بھی نہیں ہونا تھا ؛جس کے بارے میں پرانے عہد نامے میں بہت سی تفصیلی پیشن گوئیاں کی گئی ہیں [مثال کے طور پر اُس کی پیدائش کی جگہ (ملاکی5باب 2آیت)، اُسکی موت کی نوعیت (22زبورخاص طور پر 1اور 8-7آیات؛ 18-14آیات؛69زبور 21آیت ) اُس کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا (16زبور 10آیت) اور اُس کی خدمت کے بارے میں مزید بہت سی تفصیلات (یسعیاہ9باب 2آیت؛ 52باب 13آیت)] ۔

نئے عہد نامے میں درج یہودی رسم ورواج کو سمجھنے کے لئے بھی پرانے عہد نامے کا مطالعہ کرنا ضروری ہے۔ پرانے عہد نامے کے بغیر ہم اُس طریقے کو بھی سمجھ نہ پاتے جس کے ذریعہ سے فریسیوں نے خُدا کی شریعت کو اپنی روایات شامل کر کے بگاڑ دیا تھا ۔ہم یہ بھی نہ جان پاتے کہ یسوع نے ہیکل کے صحن سے خرید و فروخت کرنے والوں کو کیوں نکال دیا تھا یا یسوع نے اپنے مخالفین کو لا جواب کرنے لیے آیات کہاں سےلی تھیں ۔

پرانے عہد نامے میں متعدد تفصیلی پیشن گوئیوں کاذکر ہے جو صرف اِس لئے پوری ہوئی ہیں کیونکہ بائبل خُدا کا کلام ہے نہ کہ انسان کا (مثلاً دانی ایل 7اور آئندہ کے ابواب)۔ دانی ایل کی پیشن گوئیاں اقوام کے اُبھرنے اور زوال پذیر ہونے کے بارے میں مخصوص تفاصیل پیش کرتی ہیں ۔دراصل یہ پیشن گوئیاں اتنی درست ہیں کہ بائبل کے حوالے سے تشکیک پرستی میں مبتلا لوگ بھی یہ ماننے کے لیے مجبور ہو جاتے ہیں کہ یہ حقیقت پر مبنی ہیں ۔

ہمیں پرانے عہد نامے کا مطالعہ اس لیے بھی کرنا چاہیے کیونکہ اِس میں ہمارے لئے بے شمار اسباق موجود ہیں۔ پرانے عہد نامے کے کرداروں کی زندگیوں کا مشاہدہ کرنے سے ہمیں اپنی زندگیوں کے لئے رہنمائی ملتی ہے۔ مثلاًہمیں ہر حال میں خُدا پر بھروسہ کرنے کی نصیحت کی جاتی ہے (دانی ایل3باب)۔ ہمیں اپنے ایمان میں ثابت قدم رہنے (دانی ایل1) اور وفاداری کے انعام کےلیے انتظار کرنا سکھایا جاتا ہے (دانی ایل6باب )۔ ہم سیکھتے ہیں کہ دوسروں پر الزام لگانے کی بجائے گناہ کا حقیقی اور فوری طور پر اقرار کرنا زیادہ بہتر ہے (1سموئیل15باب)۔ ہم سیکھتے ہیں کہ ہمیں گناہ کے معاملے میں لاپرواہ نہیں ہونا چاہیے ورنہ یہ ایک دن ہمیں آ دبائے گا۔ (قضاۃ13-16ابواب)۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ ہمارے گناہوں کے نتائج نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے عزیزوں کو بھی بھگتنے پڑتے ہیں (پیدائش3) اور اِس کے برعکس ہمارا اچھا رویہ نہ صرف ہمارے لیے بلکہ ہمارے اردگرد کے لوگوں کے لئے بھی برکت کا باعث بنتا ہے (خروج 5باب 20آیت سے 6باب تک )۔

پرانے عہد نامے کا مطالعہ نبوتوں کو سمجھنے میں ہماری مددکرتا ہے۔ پرانے عہد نامے میں بہت سے وعدے پائے جاتے ہیں جن کو خُدا نے یہودی قوم کے لئے ابھی پوراکرنا ہے ۔ پرانا عہد نامہ ظاہر کرتاہے کہ بڑی مصیبت کا دورانیہ کتنا ہوگا ، مسیح کی ہزار سالہ بادشاہی یہودیوں کے لئے اُس کے وعدوں کو کیسے پورا کرے گی، اور کیسے بائبل کا اختتام اُن ٹوتی اور بکھری ہوئی کڑھیوں کو باہمی طور پر جوڑ دیتاہےجو ابتدا ہی میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی تھیں۔

خلاصہ:پرانا عہد نامہ ہمیں خُدا سے محبت کرنےاور اُس کی خدمت کرنے کے قابل بناتا ہے ۔ یہ خُدا کی ذات کے بارے میں بہت سی حیران کن باتوں کو عیاں کرتا ہے۔ پرانا عہد نامہ اپنی لگاتار پوری ہونے والی پیشن گوئیوں کے وسیلہ سے واضح کرتا ہے کہ بائبل دوسری مذہبی کتب سے منفرد کیوں ہے۔ بائبل وہ واحد کتاب ہے جو نہ صرف خُدا کا الہامی کلام ہونے کا دعویٰ کرتی ہے بلکہ اِس بات کوسچا ثابت بھی کرتی ہے ۔ مختصر یہ کہ اگر آپ نے ابھی تک پرانے عہد نامے کا مطالعہ شروع نہیں کیا تو آپ بہت سی ایسی باتوں سے نا واقف ہیں جو خُدا نے آپ کے لئے پرانے عہد نامے میں مہیا کر رکھی ہیں ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

پرانے عہد نامے کا مطالعہ کیوں کرنا چاہیے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries