سوال
قائن کی بیوی کون تھی؟ کیا قائن کی بیوی اُسکی بہن تھی؟
جواب
بائبل خصوصی طور پر ہمیں بالکل یہ نہیں بتاتی کہ قائن کی بیوی کون تھی۔ اِس سوال کا"کہ قائن کی بیوی کون تھی " واحد ممکنہ جواب یہی ہو سکتا ہے کہ یا تو وہ اُسکی کوئی بہن تھی، یا پھر کوئی بھتیجی وغیرہ تھی۔ بائبل ہمیں بالکل یہ نہیں بتاتی کہ جس وقت اُس نے ہابل کو قتل کیا اُس وقت اُن دونوں کی عمریں کیا تھیں (پیدایش 4باب 8آیت)۔ اب چونکہ وہ دونوں ہی اپنی پیشہ ورانہ زندگی گزار رہے تھے اِس لیے ہم یہ جانتے ہیں کہ وہ دونوں ہی پوری طرح سے جوان تھے اور عین ممکن ہے کہ اُس وقت وہ اپنے اپنے خاندانوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔ اور جس وقت ہابل قتل ہوا اُس وقت تک غالباًآدم اور حوا کے کچھ اور بچّے بھی پیدا ہو چکے ہونگے۔ بعد میں اُن کے کافی زیادہ بچّے پیدا ہوئے تھے (پیدایش 5باب 4آیت)۔ جب قائن نے ہابل کو قتل کیا تو وہ اِس بات کی وجہ سے خوفزدہ تھا کہ اب جو کوئی اُسے پائے گا قتل کر ڈالے گا (پیدایش 4باب 14آیت)اور یہ حقیقت اِس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ اُس وقت تک آدم اور حوا کے بہت سارے دیگر بچّے بلکہ بچّوں کے بچّے بھی موجود تھے۔ قائن کی بیوی (پیدایش 4باب17آیت) یا تو آدم اور حوا کی بیٹی تھی یا پھر یہ اُن کی کوئی پوتی یا نواسی تھی۔
اب چونکہ آدم اور حوا پہلے دو انسان تھے، اِس لیے اُن کے بچّوں کے پاس اِس کے سوا اور کوئی چارہ ہی ہیں تھا کہ وہ اپنے ہی خاندان میں باہمی طور پر شادیاں کریں۔ خُدا نے خاندان کے اندر باہمی طور پر شادیاں کرنے کو بہت بعد میں منع کر دیا جب اِس زمین پر بہت زیادہ لوگ تھے اور باہمی طور پر اپنے ہی خاندان میں شادی کرنا ضروری نہیں رہا تھا (احبار 18باب 6-18آیات)۔ آجکل کے دور میں اپنے ہی خونی رشتے داروں کے ساتھ شادی کرنے کی وجہ سے جو جینیاتی غیر معمولی پن یا جسمانی معذوری جنم لیتی ہے اُس کی وجہ یہ ہے کہ جب دو لوگ ایک ہی جیسی جینیاتی معلومات کیساتھ (مثال کے طور پر بہن بھائی یا کزن)آپس میں شادی کرتے اور بچّے پیدا کرتے ہیں تو اِس بات کا بہت زیادہ خدشہ ہوتا ہے کہ اُن دونوں کی جو نمایاں خاصیت ہوتی ہے وہ بچّے میں نمایاں ترین ہو جاتی ہے(وہ کوئی بیماری بھی ہو سکتی ہے اور کوئی اور چیز بھی)۔ جب دو ایسے لوگوں کی باہمی طور پر شادی ہوتی ہے جو خاندانی یا خونی رشتے سے باہر کے ہوں تو اُسی طرح کا غیر معمولی پن یا جسمانی کمزوریاں یا معذوری اگلی نسل میں منتقل نہیں ہوتی۔ اب چونکہ جینیاتی کمزوریاں ہزاروں سالوں سے نسل در نسل تقسیم بھی ہوتی چلی آرہی ہیں اور بڑھتی بھی جارہی ہیں اِس لیے انسان کا جینیاتی کوڈ بہت بُری طرح آلودہ اور متاثر ہو چکا ہے۔آدم اور حوا کے جسموں کے اندر اُس وقت کسی قسم کی جینیاتی کمی یا کمزوری موجود نہیں تھی اور اِسی بات کی وجہ سے اُنہوں نے اور اُن کے فوراً بعد چند انسانی نسلوں نے اِس زمیں پر آج کے دور کے برعکس بہت ہی اچھی صحت اور زندگی کا تجربہ کیا تھا۔ آدم اور حوا کے بچّوں میں اگر جینیاتی مسائل یا کمزوریاں پیدا ہوئی بھی ہونگی تو وہ نہ ہونے کے برابر ہونگی۔ اِس کے نتیجےکے طور پر اُن کے لیے آپس میں یعنی اپنے خونی رشتوں میں شادیاں کرنا اُنکی جسمانی یا نسلی حفاظت کے لیے نقصان دہ نہیں بلکہ قدرے محفوظ ہی تھا۔
English
قائن کی بیوی کون تھی؟ کیا قائن کی بیوی اُسکی بہن تھی؟