سوال
بائبل عورتوں کے گھر سے باہر کام کرنے کے حوالے سے کیا فرماتی ہے؟
جواب
یہ سوال کہ کیا ایک عورت کو گھر سے باہر کام کرنا چاہیےیا نہیں بہت سے شادی شدہ جوڑوں اور خاندانوں میں جھگڑے اور جدوجہد کا باعث ہے۔ بائبل عورتوں کے کردار کے بارے میں ہدایات پیش کرتی ہے۔ طِطُس 2باب 3-4آیات میں پولُس رسول یہ ہدایات کرتا ہے کہ ایک نوجوان شادی شُدہ خاتون کوبڑی عمر کی خواتین سے تربیت حاصل کرنی چاہیے۔بزرگ عورتوں کے حوالے سے لکھا ہے کہ وہ " جوان عورتوں کو سکھائیں کہ اپنے شوہروں کو پیار کریں۔ بچّوں کو پیار کریں۔ اور مُتقی اور پاک دامن اور گھر کا کاروبار کرنے والی اور مہربان ہوں اور اپنے شوہر کے تابع رہیں تاکہ خُدا کا کلام بدنام نہ ہو" بائبل اِس حوالے میں واضح طور پر بیان کر تی ہے کہ خاندان میں بچّے اور خاوند نوجوان عورت کی اوّلین ذمہ داری ہیں ۔ عمر رسیدہ عورتوں کو چاہیے کہ وہ جوان عورتوں کو سکھائیں اور ایسی زندگیاں گزاریں جو یسوع کو جلال دیں۔ اِن ذمہ داریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایک عمر رسیدہ عورت کا وقت اور حکمت خُداوند کی رہنمائی میں صرف ہو سکتا ہے۔
امثال 31 باب " عظیم کردار کی حامل بیوی " کی بات کرتا ہے۔ 11 آیت سے شروع کرتے ہوئے مصنف اُس کی ایک ایسی عورت کے طور پر تعریف کرتا ہے جو اپنے گھرانے کی دیکھ بھال کے لئے اپنی تمام قوت کو بروئےکار لاتی ہے۔ وہ اپنے گھر اور گھرانے کی دیکھ بھال کے لئے سخت محنت کرتی ہے۔24،18،16اور 25آیات واضح کرتی ہیں کہ وہ اتنی محنتی ہے کہ وہ گھر کے انتظامات کے ساتھ ساتھ گھر یلو کارو بار بھی کرتی ہے جو اُس کے خاندان کے لئے اضافی آمدنی فراہم کرتا ہے۔ اِس عورت کا جذبہ اس لحاظ سے بھی اہمیت کاحامل ہے اُس کی سرگرمیاں اُس کی زندگی کا مقصد نہیں بلکہ اُس کی کاروباری سرگرمیوں کے پیچھے ایک مقصد ہے ۔ وہ اپنے خاندان کی ضرورتیں پوری کر نے کےلیے کام کر رہی تھی نہ کہ اپنے پیشے میں ترقی کرنے یا پڑوسیوں کا مقابلہ کرنے کےلئے۔ اُس کے شوہر، بچّوں اور گھر کے انتظام کی حقیقی بُلاہٹ کے مقابلے میں اُس کی ملازمت ثانوی درجہ رکھتی تھی۔
بائبل کہیں بھی ایک عورت کو گھر سے باہر کام کرنے سے نہیں روکتی۔ تاہم بائبل یہ ضرورسکھاتی ہے کہ ایک عورت کی ترجیحات کیا ہونی چاہیے۔ اگر گھر سے باہر کام کرنے کی وجہ سے عورت کو اپنے بچّوں اور شوہر کو نظر انداز کرنا پڑتا ہےتو پھر اُس عورت کے لئے گھر سے باہر کام کرنا درست نہیں ہے۔ اگر کوئی مسیحی عورت گھر سے باہر کام کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے بچّوں اور شوہر کے لئے محبت اور توجہ بھرے ماحول کو برقرار رکھ سکتی ہے تو اِس صورت میں اُس کا گھر سے باہر کام کرنا مکمل طور پر قابلِ قبول ہے۔ اِن اصولوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ مسیح میں آزادی ہے۔ لہذا وہ خواتین جو گھر سے باہر کام کرتی ہیں اُن کی مذمت نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی ا ُن عورتیں کے ساتھ حقارت آمیز رویہ رکھا جانا چاہیے جو گھر کا انتظام سنبھالنے پر توجہ دیتی ہیں ۔
English
بائبل عورتوں کے گھر سے باہر کام کرنے کے حوالے سے کیا فرماتی ہے؟