1 کرنتھیوں کی کتاب
مصنف: کرنتھس کی کلیسیا کے نام پہلے خط کے1 باب کی 1آیت اس کتاب کے مُصنف کے طور پر پولس رسول کی نشاندہی کرتی ہے ۔سِن تحریر: یہ خط غالباً 55بعد از مسیح میں قلم بند کیا گیا تھا ۔
تحریر کا مقصد: کرنتھس میں درحقیقت پولس رسول نے کلیسیا کی بنیاد رکھی تھی ۔ کلیسیا سے رخصت ہونے کے کچھ سال بعد پولس رسول نے کرنتھس کی کلیسیا کے بارے میں کچھ پریشان کن خبریں سنیں ۔ اُن کے درمیان غرور و تکبر کے رویے جنم لے رہے تھے اور کئی لوگ جنسی بے راہروی اور بے حیائی کا مظاہرہ کر رہے تھے ۔ رُوحانی نعمتوں کے غلط استعمال کے ساتھ ساتھ وہاں ایمان کے کلیدی عقائد کے بارے میں غلط فہمیاں اور تصورات بڑھتے چلے جا رہے تھے۔پولس رسول نے کرنتھس کی کلیسیا کو اُس کی اصل بنیاد- مسیح میں بحال کرنے کی کوشش میں اُنکے نام اپنا پہلا خط لکھا تھا۔
کلیدی آیات: 1کرنتھیوں 3باب 3آیت: "کیونکہ ابھی تک جسمانی ہو۔ اِس لئے کہ جب تم میں حسد اور جھگڑا ہے تو کیا تم جسمانی نہیں ہُوئے اور اِنسانی طریق پر نہ چلے؟"
1کرنتھیوں 6باب 19- 20آیات: "کیا تم نہیں جانتے کہ تمہارا بدن رُوح القدس کا مَقدس ہے جو تم میں بسا ہوا ہے اور تم کو خُدا کی طرف سے ملا ہے؟ اور تم اپنے نہیں کیونکہ قیمت سے خریدے گئے ہو۔ پس اپنے بدن سے خُدا کا جلال ظاہر کرو۔"
1کرنتھیوں 10باب 31آیت: "پس تم کھاؤ یا پیو یا جو کچھ کرو سب خُدا کے جلال کے لئے کرو۔"
1کرنتھیوں 12باب 7آیت: "لیکن ہر شَخص میں رُوح کا ظہور فائدہ پہنچانے کے لئے ہوتا ہے۔"
1کرنتھیوں13باب 4-7آیات: "محبت صابر ہے اور مہربان۔ محبت حسد نہیں کرتی۔ محبت شَیخی نہیں مارتی اور پھولتی نہیں۔ نازیبا کام نہیں کرتی۔ اپنی بہتری نہیں چاہتی۔ جھنجھلاتی نہیں۔ بدگمانی نہیں کرتی۔ بدکاری سے خُوش نہیں ہوتی بلکہ راستی سے خُوش ہوتی ہے۔ سب کچھ سہہ لیتی ہے۔ سب کچھ یقین کرتی ہے سب باتوں کی اُمید رکھتی ہے۔ سب باتوں کی برداشت کرتی ہے۔"
1کرنتھیوں15باب 3-4آیات: "چنانچہ مَیں نے سب سے پہلے تم کو وُہی بات پہنچا دی جو مجھے پہنچی تھی کہ مسیح کِتابِ مُقدّس کے مُطابق ہمارے گناہوں کے لئے مواء اور دفن ہوا اور تیسرے دِن کِتابِ مُقدّس کے مطابق جی اُٹھا۔"
مختصرخلاصہ: کرنتھس کی کلیسیا تفرقے بازی کاشکار ہو چکی تھی ۔ کرنتھس کی کلیسیا کے ایماندار جو مختلف رُوحانی رہنماؤں کی پیروی کر رہے تھے تفرقوں کی بدولت بٹ رہے تھے (1کرنتھیوں1باب 12آیت؛ 3باب 1- 6آیات)۔ پولس رسول کرنتھس کے ایمانداروں کومسیح کی محبت میں باہم متحد ہونے کی تلقین کرتا ہے ( 1کرنتھیوں 3باب 21-23آیات)۔ کلیسیا میں موجود بہت سے لوگ درحقیقت ایک بدکار شخص کے غیر اخلاقی تعلق پر رضا مندی کا اظہار کر رہے تھے ( 1کرنتھیوں 5باب 1-2آیات)۔ پولس اُنہیں حکم دیتا ہے کہ وہ اُس بدکردار شخص کو کلیسیا سے خارج کردیں(1کرنتھیوں5باب13آیت)۔کرنتھس کی کلیسیا کے ایماندار ایک دوسرے کے خلاف مقدمہ باری کر رہے تھے ( 1کرنتھیوں 6باب 1-2آیات)۔ پولس رسول اُنہیں سکھاتا ہے کہ ظلم سہنا مسیحی گواہی کو نقصان پہنچانے کی نسبت زیادہ بہتر ہے ( 1کرنتھیوں 6باب 3- 8آیات)۔
پولس رسول کرنتھس کی کلیسیا کو شادی اور پاکدامنی (7باب)،بُتوں کی قربانی کی ضیافتوں (8اور 10باب) ، مسیحی آزادی (9باب)، دُعا کے دوران عورتوں کے سرڈھانکنے ( 1کرنتھیوں11باب 1- 16آیات)، عشائے رُبانی (1کرنتھیوں11باب 17-34آیات) ،روحانی نعمتوں (12-14ابواب) اور مسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے(15باب)کے حوالے سے تعلیم اورہدایات دیتا ہے ۔ پولس رسول کرنتھس کی کلیسیا کے نام پہلے خط کو اُن سوالات کے جواباب کی صورت میں ترتیب دیتا ہے جو کرنتھس کے ایمانداروں نے اُس سے پوچھے تھے ۔ پولس رسول اس خط میں اُن کے ایسے نامناسب طرز عمل اور غلط عقائد کےخلاف رد عمل بھی ظاہر کرتا ہے جن کو وہ اختیار کئے ہوئے تھے ۔
پرانے عہد نامے کیساتھ ربط: کرنتھس کے ایمانداروں کی طرف سے مسیحی آزادی کے ناجائز استعمال اور حد سے زیادہ خود اعتمادی کی حماقت کو اُن پر واضح کرنے کے لیے پولس 1 کرنتھیوں کے 10باب میں اسرائیلیوں کی بیابان میں آوارگی کی کہانی کا استعمال کرتا ہے ۔ پولس رسول کرنتھس کے ایمانداروں کوتنبیہ اور خبردار کرتا ہے کہ اُن میں نظم و ضبط کی کمی ہے (1کرنتھیوں9باب 24-27آیات)۔ وہ اسرائیلیوں کی کہانی کو جاری رکھتا ہے جنہوں نے خدا کے معجزات اور اُس کی طرف سے نگہداشت پانےیعنی بحیرہ قلزم کے دو حصوں میں تقسیم ہونے ، آسمان سے من اور چٹان سے پانی کی معجزانہ فراہمی کو دیکھنے کے باوجود اپنی آزادی کا غلط استعمال کیا ، خدا کے خلاف بغاوت کی اور بد اخلاقی اور بُت پرستی کا شکار ہو گئے ۔ پولس رسول کرنتھس کے ایمانداروں کو اسرائیلیوں کی مثال پر غورکرنے ،شہوت اور جنسی بداخلاقی (10باب 6-8آیات)، خداوند کی آزمایش اور اُس سے شکایت کرنے ( 9- 10آیات) سے بچنے کی نصیحت کرتا ہے ۔ گنتی11باب 4اور 34آیت؛ 25باب 1- 9آیات؛ خروج 16باب 2آیت؛ 17باب 2اور 7آیت بھی دیکھیں ۔
عملی اطلاق: کرنتھس کی کلیسیا کو جن مسائل اور سوالات کا سامنا تھا اُس میں سے بہت سے مسائل ہماری کلیسیا میں اب بھی موجود ہیں ۔ کلیسیائیں آج بھی تفرقہ بازیوں ، بد اخلاقی، بے راہروی اور رُوحانی نعمتوں کے استعمال سے متعلق مسائل سے دُوچار ہیں ۔ کرنتھس کے نام پہلے خط کوبڑی اچھی طرح آج کی کلیسیا کے نام خط کے طور پر دیکھا جا سکتا ہےاور اس طرح ہم پولس رسول کے انتباہات پر غور کرنے اور اُن کا خود پر اطلاق کرنے کی بدولت خاطر خواہ ترقی کر سکتے ہیں۔ تمام تر سرزنش اور اصلاح کے باوجود یہ خط ہماری توجہ واپس مسیح کی طرف مائل کرتا ہے ۔ کیونکہ حقیقی مسیحی محبت بہت سے مسائل کا حل ہے ( 13باب )۔ یسوع مسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی درست تفہیم جیسا کہ 15باب میں واضح کیا گیا ہے اور اس طرح سےمسیح کے وسیلے ہمارے اپنے جی اُٹھنے کی درست تفہیم ہی اُن سب باتوں کا علاج ہے جو ہمیں تقسیم کرتی اور شکست دیتی ہیں ۔
English
نئے عہد نامے کا جائزہ
اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں
1 کرنتھیوں کی کتاب