1 تھسلنیکیوں کی کتاب
مُصنف: 1 تھسلنیکیوں 1 باب 1 آیت بیان کرتی ہے کہ اِس کتاب کو پولس رسول نے تحریر کیا تھا ، اور اِس کو قلمبند کرنے کے دوران غالباً سیلاس اور تیمتھیس اُس کے ساتھ تھے۔سنِ تحریر: 1 تھسلنیکیوں کی کتاب غالباً 50 بعد از مسیح میں تحریر کی گئی تھی۔
تحریر کا مقصد: تھسلنیکیوں کی کلیسیا کے اندر مسیح کی آمدِ ثانی کے حوالے سے کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی تھیں۔ لہذا اِس خط کے ذریعے سے پولس رسول اُن کی اُن غلط فہمیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ پولس اِس خط کو اُن لوگوں کے لیے راستبازی کی زندگی گزارنے کی ہدایت کے طور پر بھی لکھتا ہے۔
کلیدی آیات: 1 تھسلنیکیوں 3 باب 5 آیت: "اِس واسطے جب مَیں اَور زیادہ برداشت نہ کر سکا تو تمہارے اِیمان کا حال دریافت کرنے کو بھیجا ۔ کہیں اَیسا نہ ہوا ہو کہ آزمانے والے نے تمہیں آزمایا ہو اور ہماری محنت بے فائدہ گئی ہو۔"
1 تھسلنیکیوں 3 باب 7 آیت: "اِس لئے اَے بھائیو! ہم نے اپنی ساری اِحتیاج اور مصیبت میں تمہارے اِیمان کے سبب سے تمہارے بارے میں تسلّی پائی۔"
1 تھسلنیکیوں 4 باب 14-17آیات: " کیونکہ جب ہمیں یہ یقین ہے کہ یسوع مَر گیا اور جی اُٹھا تو اُسی طرح خُدا اُن کو بھی جو سو گئے ہیں یسوع کے وسیلہ سے اُسی کے ساتھ لے آئے گا۔چُنانچہ ہم تم سے خُداوند کے کلام کے مطابق کہتے ہیں کہ ہم جو زِندہ ہیں اور خُداوند کے آنے تک باقی رہیں گے سوئے ہوؤں سے ہرگز آگے نہ بڑھیں گے۔کیونکہ خُداوند خُود آسمان سے للکار اور مُقرّب فرشتہ کی آواز اور خُدا کے نرسنگے کے ساتھ اُتر آئے گا اور پہلے تو وہ جو مسیح میں مُوئے جی اُٹھیں گے۔پھرہم جو زِندہ باقی ہوں گے اُن کے ساتھ بادلوں پر اُٹھائے جائیں گے تاکہ ہوا میں خداوند کا استقبال کریں اور اِس طرح ہمیشہ خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔"
1 تھسلنیکیوں 5 باب 16-18آیات: "ہر وقت خوش رہو۔بلاناغہ دُعا کرو۔ہر ایک بات میں شکر گذاری کرو کیونکہ مسیح یسوع میں تمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی ہے۔"
مختصر خلاصہ: اِس خط کے پہلے تین ابواب تو یہ بیان کرتے ہیں کہ پولس کس قدر چاہتا تھا کہ وہ اِس کلیسیا میں جائے لیکن وہ جا نہ سکا کیونکہ شیطان نے اُس کو روکے رکھا (1 تھسلنیکیوں 2 باب 18آیت)، اور یہیں پر وہ یہ بھی بیان کرتا ہے کہ وہ اُس کلیسیا کے بارے میں کیسی فکر رکھتا تھا اور اُس نے اُن کے بارے میں سن کر کیسی تسلی پائی۔اِس کے بعد پولس رسول اُن کے لیے دُعا کرتا ہے (1 تھسلنیکیوں 3 باب 11-13آیات)۔ باب نمبر 4 کے اندر پولس رسول تھسلنیکے کی کلیسیا کو ہدایت کرتا ہے کہ اُنہیں کس طرح سے مسیح میں پاک زندگی گزارنی چاہیے (1 تھسلنیکیوں 4 باب 1-12 آیات)۔ اِس کے بعد پولس رسول اُن کو اُنکی غلط فہمی کے تعلق سے ہدایت دینا جاری رکھتا ہے۔ وہ اُنہیں بتاتا ہے کہ وہ سب لوگ جو مسیح میں بطورِ ایماندار مرے ہیں وہ سبھی اُس کی آمدِ ثانی کے موقع پر جی اُٹھیں گے (1 تھسلنیکیوں 4 باب 13-18آیات، 5 باب 1-11آیات)۔ اِس کتاب کا اختتام مسیحی زندگی بسر کرنے کے حوالے سے آخری ہدایات کے ساتھ ہوتا ہے۔
پُرانے عہد ناے کیساتھ ربط: پولس رسول تھسلنیکے کے ایمانداروں کو یاد دلاتا ہے کہ وہ ساری ایذا رسانی جو اُنہیں اپنے ہی وطن کے لوگوں یعنی اُن یہودیوں کی طرف سے مل رہی تھی جنہوں نےیسوع کو بطورِ مسیحا رَد کر دیا تھا (2 باب 15آیت)بالکل ویسی ہی تکلیف تھی جس کا سامنا پرانے عہد نامے کے نبیوں نے بھی کیا تھا (یرمیاہ 2 باب 30 آیت؛ متی 23 باب 31 آیت)۔ خُداوند یسوع نے اِس حوالے سے خبردار کیا تھا کہ خُدا کے سچے نبیوں کی ناراست لوگوں کی طرف سے ہمیشہ ہی مخالفت ہوگی (لوقا 11 باب 49آیت)۔ کلیسیوں کے نام خط میں بھی پولس رسول اُس کلیسیا کو اِس سچائی کے بارے میں یاد دلاتا ہے۔
عملی اطلاق: اِس کتاب کی تعلیمات کا اطلاق زندگی کے بہت سارے معاملات پر کیا جا سکتا ہے۔ یہ کتاب ہمیں یہ اعتماد بخشتی ہے کہ مسیح کی آمدِ ثانی کے وقت ہم چاہے زندہ ہوں یا مُردہ ، ہم نئی زندگی میں اُس کے ساتھ ہونگے (1 تھسلنیکیوں 4 باب 13-18آیات)۔ یہ کتاب ہمیں اِس بات کا بھی یقین دلاتی ہے کہ بطورِ مسیحی ہم خُدا کے قہر کا سامنا نہیں کریں گے(1 تھسلنیکیوں 5 باب 8- 9آیات)۔ اور یہ کتاب ہمیں یہ ہدایت بھی دیتی ہے کہ ہم نے ہر روز مسیحی زندگی کیسے گزارنی ہے (1 تھسلنیکیوں 4-5ابواب)۔
English
نئے عہد نامے کا جائزہ
اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں
1 تھسلنیکیوں کی کتاب