1 تیمتھیس کی کتاب
مصنف: 1تیمتھیس کی کتاب کو پولس رسول نے تحریر کیا تھا (1 تیمتھیس 1 باب 1 آیت)۔سنِ تحریر: 1 تیمتھیس کی یہ کتاب غالباً 62تا 66 بعد از مسیح کے درمیانی دور میں لکھی گئی تھی۔
تحریر کا مقصد: پولس رسول نے یہ کتاب ایک خط کی صور ت میں تیمتھیس کے لیے لکھی تاکہ وہ افسیوں کی کلیسیا اور ممکنہ طور پر آسیہ کی دیگر کلیسیاؤں کی خبرداری، نگہبانی اور گلہ بانی کرنے کی ذمہ داری کو سنبھالنے اور سرانجام دینے میں تیمتھیس کی حوصلہ افزائی کر سکے (1 تیمتھیس 1 باب 3آیت)۔ یہ خط بزرگوں کی مخصوصیت (1 تیمتھیس 3 باب 1-7آیات)، کلیسیا کی خدمت کرنے کے لیے دیگر لوگوں کو مخصوص کرنے کے لیے رہنمائی کی بنیاد(1 تیمتھیس 3 باب 8-13آیات) مہیا کرتا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو اپنے جوہر کے لحاظ سے تیمتھیس کے نام پولس رسول کا پہلا خط کلیسیائی تنظیم اور انتظامی امور کو سنبھالنے اور سر انجام دینے کے لیے قیادتی دستور العمل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کلیدی آیات: 1تیمتھیس 2 باب 5آیت: "کیونکہ خُدا ایک ہے اور خُدا اور اِنسان کے بیچ میں درمیانی بھی ایک یعنی مسیح یسو ع جو اِنسان ہے۔"
1 تیمتھیس 2 باب 12آیت: "اور مَیں اِجازت نہیں دیتا کہ عورت سکھائے یا مَرد پر حکم چلائے بلکہ چُپ چاپ رہے۔"
1 تیمتھیس 3 باب 1-3آیات: "یہ بات سچ ہے کہ جو شخص نگہبان کا عہدہ چاہتا ہے وہ اچھے کام کی خواہش کرتا ہے۔پس نگہبان کو بے اِلزام ۔ ایک بیوی کا شوہر ۔ پرہیزگار ۔ متقی ۔ شائشتہ ۔ مسافر پرور اور تعلیم دینے کے لائق ہونا چاہیے۔نشہ میں غل مچانے والا یا مارپیٹ کرنے والا نہ ہو بلکہ حلیم ہو ۔ نہ تکراری نہ زَر دوست۔"
1 تیمتھیس 4 باب 9- 10 آیات: "یہ بات سچ ہے اور ہر طرح سے قبول کرنے کے لائق۔کیونکہ ہم محنت اور جان فشانی اِسی لئے کرتے ہیں کہ ہماری اُمید اُس زِندہ خُدا پر لگی ہوئی ہے جو سب آدمیوں کا خاص کر اِیمان داروں کا منجی ہے۔"
1 تیمتھیس 6 باب 12آیت: "اِیمان کی اچھی کشتی لڑ ۔ اُس ہمیشہ کی زِندگی پر قبضہ کر لےجس کے لئے تُو بلایا گیا تھا اور بہت سے گواہوں کے سامنے اچھا اِقرار کیا تھا۔"
مختصر خلاصہ: یہ پولس رسول کا پہلا خط ہے جو اُس نے ایک نوجوان پاسبان تیمتھیس کو لکھا جو پولس رسول کا بہت اچھا مددگار رہا تھا۔ تیمتھیس ایک یونانی تھا۔ اُس کی ماں ایک یہودی خاتون تھی جبکہ اُس کا باپ ایک یونانی تھا۔ پولس رسول تیمتھیس کا اُستاد اور اُسکا قائد تھا ، پولس اُس کےلیے باپ کی سی شفقت رکھتا تھا جبکہ تیمتھیس پولس کے بیٹے کی مانند تھا (1 تیمتھیس 1 باب 2 آیت)۔ پولس اپنے خط کے آغاز میں تیمتھیس پر زور دیتا ہے کہ وہ جھوٹے اُستادوں اور جھوٹی تعلیمات کے خلاف خبردار رہے اور کلیسیا کی نگہبانی کرے۔ بہرحال اِس خط کا زیادہ تر حصہ پاسبان کی ذمہ داریوں سے متعلق رہنمائی کے بارے میں ہے۔ پولس تیمتھیس کی رہنمائی کرتا ہے کہ وہ درست اور مناسب پرستش میں بڑھے(2 باب) اور کلیسیا کے اندر سے پُرحکمت قیادت کو ترقی دے (3 باب)۔ اِس خط کا زیادہ تر حصہ پاسبان کی ذمہ داریوں اور رویے ، جھوٹے اُستادوں کے ساتھ نپٹنے کے طریقوں، اکیلے لوگوں، بیواؤں، بزرگوں اور غلاموں کے ساتھ سلوک کے بارے میں ہے۔اِس سارے خط کے اندر پولس رسول تیمتھیس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ مضبوط ہو، ثابت قدم رہے اور اپنی بلاہٹ پر سچائی کے ساتھ قائم رہے۔
نئے عہد نامے کیساتھ ربط: تیمتھیس کے نام پولس رسول کے پہلے خط کا پرانے عہد نامے کے ساتھ ایک دلچسپ ربط یہ ہے کہ پولس اِس خط کے اندر کلیسیا کے بزرگوں کے "دوچند عزت کے لائق" ہونے کی بات کرتا ہے اور یہ بھی کہتا ہے کہ جو دعویٰ کسی بزرگ کے برخلاف کیا جائے بغیر دو یا تین گواہوں کے اُس کو نہ سُنا جائے (1تیمتھیس 5باب 17- 19آیات )۔ استثنا 24 باب 15 آیت؛ 25 باب 4 آیت اور احبار 19 باب 13 آیت سبھی حوالے مزدور کو اُس کی مزدور ی پوری اور بروقت دینےکی ضرورت کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ موسوی شریعت اِس بات کا بھی تقاضا کرتی ہے کہ کسی شخص کو موردِ الزام ٹھہرانے کے لیے دو یا تین گواہوں کی گواہی پیش کرنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے (استثنا 19 باب 15آیت)۔ اُس دور کی کلیسیاؤں کے اندر یہودیت سے مسیحیت میں آنے والے لوگ پرانے عہد نامے کی اِن باتوں سے بخوبی واقف ہونگے۔
عملی اطلاق: اِس خط کے اندر پولس رسو ل کی طرف سے خُداوند یسوع مسیح کو انسان اور خُدا کے درمیان میں درمیانی کے طور پر پیش کیا گیا ہے (1 تیمتھیس 2 باب 5 آیت)، جو کہ اُن سب لوگوں کا نجات دہندہ ہے جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں۔ وہ کلیسیا کا سر اور مالک ہے اور تیمتھیس جب کلیسیا کی پاسبانی کرتا ہے تو وہ دراصل کلیسیا کے مالک یسوع مسیح کی خدمت کر رہا ہے۔ پس ہم یہاں پر پولس رسول کے اِس خط کا عملی اطلاق دیکھتے ہیں جو اُس نے اپنے "رُوحانی فرزند" کو لکھا تھا۔ پولس رسول کلیسیا کے بہت سارے معاملات ، کلیسیا کے عقائد، کلیسیا کی قیادت اور کلیسیا کے امور کے حوالے سے تیمتھیس کو مختلف طرح کی ہدایات دیتا ہے۔ ہم اُن سبھی ہدایات کو اپنی مقامی کلیسیاؤں کی قیادت کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اِسی طرح ایک خادم یا پاسبان کا کام اور اُسکی خدمت، ایک کلیسیائی بزرگ کی قابلیت یا ضروری خصوصیات، کلیسیا کے اندر معاونین کی قابلیت یا ضروری خصوصیات جس قدر اُس دور میں اہمیت کی حامل تھیں بالکل اُسی طرح آج کے دور میں بھی بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہیں۔ پولس رسول کا تیمتھیس کے نام پہلا خط مقامی کلیسیائی کی قیادت، اُس کے امور کی ذمہ داری سنبھالنے اور نبھاہنے ور اُس کی پاسبانی کرنے کی ہدایات سے بھری ہوئی کتاب ہے۔ اِن سبھی ہدایات کا اطلاق آج کے دور میں بھی کسی بھی قائد یا خصوصی طور پر کلیسیائی قائد پراُتنا ہی ہوتا ہے جتنا کہ یہ پولس کے دور میں ہوتا تھا۔ اور وہ سبھی لوگ جن کی زندگی میں کلیسیا کے اندر قیادتی بلاہٹ نہیں ہے اُن کے لیے بھی یہ کتاب بہت ہی زیادہ اہم اور عملی نوعیت کی حامل ہے۔ مسیح کے ہر ایک پیروکار کو ایمان کے واسطے جانفشانی کرنی چاہیے اور جھوٹی تعلیمات سے بچنا چاہیے۔ ۔ ہر ایک پیروکار کو اپنے ایمان میں مضبوطی کے ساتھ قائم اور ثابت قدم رہنا چاہیے۔
English
نئے عہد نامے کا جائزہ
اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں
1 تیمتھیس کی کتاب