مکاشفہ کی کتاب
مصنف: مکاشفہ 1باب4،1 اور 9 آیات اور 22باب 8آیت مکاشفہ کی کتاب کے مصنف کے طور پر بڑے واضح انداز سے یوحنا رسول کا ذکر کرتی ہے ۔سنِ تحریر: مکاشفہ کی کتاب غالباً 90-95بعد از مسیح میں قلمبند کی گئی تھی ۔
تحریر کا مقصد: یسوع مسیح کا مکاشفہ یوحنا رسول کو خدا کی طرف سے دیا گیا تھا تاکہ"اپنے بندوں کو وہ باتیں دِکھائے جن کا جلد ہونا ضرور ہے ۔" یہ کتاب مستقبل میں ہونے والی باتوں کے بارے میں بھیدوں سے بھری ہوئی ہے ۔ یہ آخری انتباہ ہے کہ یہ دنیا ضرور ختم ہو گی اورآخری عدالت یقینی ہے۔ اس کتاب میں ہمیں فردوس کی کچھ جھلکیوں کے ساتھ ساتھ اُن لوگوں کے لیےعزت اور و قار کو بھی دکھایا گیا ہے جو اپنے جاموں کو پاک رکھتے ہیں ۔ مکاشفہ کی کتاب ہمارے سامنے عظیم مصیبت کو تمام بڑے بڑے دُکھوں، پریشانیوں اور اُس آخری آگ کے ساتھ پیش کرتی ہے جس میں تمام غیر ایماندار ہمیشہ کےلیے جلیں گے ۔ مکاشفہ کی کتاب شیطان کے زوال اورپھر اُسکے لیے اور اُس کے فرشتوں کےلیے اُس ابدی عداب کو بھی بار بار بیان کرتی ہے جو اُن کےلیے مقرر ہو چکاہے ۔ اِس کتاب میں ہم پر فردوس کی تمام مخلوقات اور فرشتوں کے فرائض اور اُن مقدسین کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو بھی ظاہر کیا جاتا ہے جو نئے یروشلیم میں یسوع کے ساتھ ہمیشہ کےلیے رہیں گے ۔ مکاشفہ کی کتاب میں ہم جو کچھ پڑھتے ہیں اُسے بیان کرنا ہمارے لیے بھی اُتنا ہی مشکل ہے جتنا کہ یہ یوحنا رسول کے لیے تھا۔
کلیدی آیات: مکاشفہ 1باب 19آیت: "پس جو باتیں تُو نے دیکھیں اور جو ہیں اور جو اِن کے بعد ہونے والی ہیں اُن سب کو لکھ لے۔"
مکاشفہ 13باب 16-17آیات: "اور اُس نے سب چھوٹے بڑوں دولت مندوں اور غریبوں ۔ آزادوں اور غُلاموں کے دہنے ہاتھ یا اُن کے ماتھے پر ایک ایک چھاپ کرا دی۔ تاکہ اُس کے سوا جس پر نشان یعنی اُس حیوان کا نام یا اُس کے نام کا عدد ہو اَور کوئی خرید و فروخت نہ کر سکے۔"
مکاشفہ 19باب 11آیت: "پھر مَیں نے آسمان کو کھلا ہوا دیکھا اور کیا دیکھتا ہوں کہ ایک سفید گھوڑا ہے اور اُس پر ایک سوار ہے جو سچا اور برحق کہلاتا ہے اور وہ راستی کے ساتھ اِنصاف اور لڑائی کرتا ہے۔"
مکاشفہ 20باب 11آیت: "پھر مَیں نے ایک بڑا سفید تخت اور اُس کو جو اُس پر بیٹھا ہوا تھا دیکھا جس کے سامنے سے زمین اور آسمان بھاگ گئے اور اُنہیں کہیں جگہ نہ ملی۔"
مکاشفہ 21باب 1آیت: "پھر مَیں نے ایک نئے آسمان اور نئی زمین کو دیکھا کیونکہ پہلا آسمان اور پہلی زمین جاتی رہی تھی اور سمندر بھی نہ رہا۔"
مختصر خلاصہ: مکاشفہ کی کتاب ان رویاؤں کے رنگا رنگ بیانات سے بھری پڑی ہے جو مسیح کی دوسری آمد اور نئے آسمان اور نئی زمین کے رونما ہونے سے پہلے آخری ایام کے بارے میں ہمیں آگاہ کرتے ہیں۔ مکاشفہ کی کتاب ایشیا کوچک کی سات کلیسیاؤں کے نام خطوط سے شروع ہوتی ہے اور پھر زمین پر نازل ہونے والی آفتوں کے سلسلے ؛ حیوان کے عدد"666"؛ ہر مجدُون کی آخری جنگ ؛ ابلیس کی قید؛ خداوند کی بادشاہی؛ بڑے سفید تخت کی عدالت ؛ اور خدا کے ابدی شہر کی خصوصیات و ہیت کو بیان کرتی ہے ۔ یسوع مسیح کے بارے میں کی گئی پیشن گوئیاں پوری ہو چکی ہیں اور اس کی بادشاہی کی حتمی پیشن گوئی ہمیں یقین دلاتی ہے کہ وہ جلد واپس آنے والا ہے ۔
پرانے عہد نامے کیساتھ ربط: مکاشفہ کی کتاب آخری ایام کے بارے میں اُن پیشن گوئیاں کااختتام ہے جن کا آغاز پرانے عہدنامے سے ہوتا ہے۔ دانی ایل 9باب 27 آیت میں بیان کردہ مخالفِ مسیح کا ذکر مکاشفہ 13باب میں مکمل طور پر واضح ہو تا ہے ۔ بائبل میں مکاشفہ کی کتاب سے باہر مکاشفاتی ادب کی مثالیں دانی ایل 7-12ابواب، یسعیاہ 24-27ابواب، حزقی 37-41ابواب اور زکریاہ 9-14ابواب ہیں ۔ مکاشفہ کی کتاب میں یہ تمام پیشن گوئیاں ایک ساتھ واقع ہوتی ہیں ۔
عملی اطلاق: کیا آپ نے مسیح کو اپنے نجات دہندہ کے طور پر قبول کیا ہے ؟ اگر اس کا جواب ہاں ہے تو آپ کو خدا کی طرف سے دنیا کی اُس عدالت کے بارے میں خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے جو مکاشفہ کی کتاب میں بیان کی گئی ہے ۔کیونکہ منصف ِ اعظم ہماری طرف ہے ۔ حتمی عدالت کے شروع ہونے سے پہلے ہمیں اپنے دوستوں اور پڑوسیوں کے سامنے مسیح میں خدا کی ابدی زندگی کی پیش کش کے بارے میں گواہی دینی چاہیے ۔ اس کتاب میں بیان کردہ واقعات حقیقی ہیں ۔ ہمیں اپنی زندگی کو اُس ایمان کے مطابق بسر کرنا چاہیےجو ہم خدا پر رکھتے ہیں تاکہ دوسرے لوگ مستقبل کے بارے میں ہماری خوشی کو محسوس کریں اور اُس نئے اور شاندار شہر میں جانے کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں۔
English
نئے عہد نامے کا جائزہ
اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں
مکاشفہ کی کتاب